جو چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا وہ میں نے آ کر بتایا:لطیف کھوسہ

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ جو چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا وہ میں نے آ کر بتایا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کی تو اس دوران ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی خود چیئرمین شپ کے امیدوار ہوں گے جبکہ علی ظفر نے اعلان کر دیا۔

سوال کا جواب دیتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ جو چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا وہ میں نے آ کر بتایا۔

لطیف کھوسہ سے سوال کیا گیا کہ کیا بیرسٹرگوہر اور علی ظفر درست نہیں کہہ رہے؟

جس کا انہوں نے جواب دیا کہ وہ درست کہہ رہے ہیں یا نہیں لیکن میں ٹھیک کہہ رہا ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مائنس ون کی خبروں کی تردید کی ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین جو ہیں وہی رہیں گے اور انٹرا پارٹی الیکشن میں پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین امیدوار ہوں گے۔

جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن نہیں لڑ رہے۔

علی ظفر نے کہا تھا کہ ہفتے کو پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن کو موقع دینا نہیں چاہتے کہ وہ بلے کا نشان چھِین لے، عام انتخابات کے لیے تحریک انصاف کا عبوری سیٹ اپ آرہا ہے، یہ کوئی مائنس ون فارمولہ نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر تحریکِ انصاف کا کوئی تصور نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بیرسٹر گوہر انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔