وزن بڑھانا چاہتے ہیں تو پروٹین سے بھرپور غذائیں استعمال کریں

یہ عام خیال ہے کہ اگر آپ نے وزن کم کرنا ہے تو اپنی خوراک میں پروٹین شیک شامل کرلیں کیوں کہ پروٹین ہمارے جسم کی نشوونما کے لیے بے حد ضروری ہے، یہ وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کو طاقت بھی فراہم کرتا جس سے آپ کو کمزوری محسوس نہیں ہوتی۔ لیکن یہ ہی پروٹین شیک آپ کو وزن بڑھانے میں بھی اتنا ہی معاون ہے ۔ایسے کمزور، دبلے پتلے جسم کے حامل افراد جو وزن بڑھانا چاہتے ہیں، لیکن مناسب خوراک کے استعمال سے انہیں فائدہ نہیں ہو رہا تو پروٹین شیک کو درج ذیل طریقہ کار سے لینے سے مسلز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پروٹین شیک کو کھانے کا متبادل نہ بنائیں

پروٹین شیک کو کھانے کا متبادل بنانے کی بجائے اسے سپلیمنٹ کے طور پر لینا چاہئے۔ آپ متوازن غذا کے استمال سے بھی پروٹین کی مقدار کو پورا کرسکتے ہیں۔ اپنی غذا میں انڈے، مرغی، دودھ، دہی، مچھلی، خشک میوے، دالیں اور سویا کو شامل کرسکتے ہیں جو پروٹین سے بھرپور ہوتی ہیں۔ یہ غذائیں پروٹین فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بے شمار دیگر ضروری وٹامنز اور معدنیات بھی فراہم کرتی ہیں۔

پروٹین شیک کے لیے دودھ کا استعمال کریں

پروٹین شیک پانی میں بھی بنایا جاسکتا ہے لیکن زیادہ بہتر ہے کہ اسے دودھ میں بنایا جائے تاکہ یہ کمزور ، دبلے پتلے جسم کے حامل افراد کو مسلز بنانے میں مدد فراہم کرے۔دودھ کے استعمال سے آپ کیلوریز کی مقدار میں بھی اضافہ کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ آپ پروٹین پاوڈر کو دلیے، پین کیکس اور سوپ وغیرہ میں بھی ملا سکتے ہیں۔

ورزش کے بعد پروٹین شیک کا استعمال

پروٹین شیک لینے کا بہترین وقت ورزش کے فوراً بعد ہے۔ ماہرین کے مطابق ورزش کے فوری بعد پروٹین کا استعمال انتہائی موثر طریقے سے کام کرتا ہے۔ ورزش کرنے سے پٹھوں میں موجود پروٹین ٹوٹ کر امینو ایسڈز میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ جس سے پٹھوں کی مرمت ہوتی ہے ۔ یہ آپ کے پٹھوں کے خلیوں میں تیزی سے جذب ہو جاتے ہیں، جو نئے پٹھوں کے ٹشو بن جاتے ہیں۔ پروٹین آپ کے پٹھوں کی مرمت اور بحالی میں بھی مدد کرتا ہے، تاکہ آپ مؤثر طریقے سے اور اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ اس کام میں پروٹین میں پایا جانے والا لیوسن نامی امینو ایسڈ بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔