امام الحق کا اعتماد آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگا

لاہور: آسٹریلیا سے ہوم سیریز میں عمدہ کارکردگی نے امام الحق کا اعتماد بلندیوں پر پہنچا دیا۔

آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں امام الحق نے زبردست فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 370 رنز بنائے، ان میں مسلسل 2سنچریز بھی شامل تھیں،بعد ازاں3 ون ڈے میچز میں بھی انھوں نے 101، 106 اور 89 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیو میں امام الحق نے کہا ہے کہ نیٹ پریکٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل محنت کا سلسلہ جاری رکھا جس کا نتیجہ عمدہ فارم کی صورت میں برآمد ہوا، ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلوی ٹیم ہمارے لیے ایک سخت چیلنج ثابت ہوئی، بطور کرکٹر مجھے بھی سخت دباؤ میں کھیلنے کا ہنر سیکھنے کا موقع ملا، میرا یقین ہے کہ جب بھی آپ محنت کرتے ہیں تو اس کا پھل ضرور ملتا ہے،کینگروز کی مضبوط بولنگ کے خلاف اچھی اننگز کھیل کر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، مستقبل میں بھی اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیمیں تسلسل کے ساتھ پاکستان آئیں گی تو قومی ٹیم اور کرکٹرز کو بھی اپنی کارکردگی اور مہارت میں بہتری لانے کے مواقع ملتے رہیں گے، آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز بھی یادگار ہوگی۔