گرفتاری سے بچنے کیلیے عمران خان کا اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان نے ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

عمران خان کی جانب سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔ عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔ عمران خان کی جانب سے دی گئی درخواست میں آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔

دریں اثنا اسسٹنٹ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ اسد خان کی جانب سے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر 3 اعتراضات عائد کردیے گئے، جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرائی، ایف آئی آر کی غیر مصدقہ نقل لگائی گئی ہے جب کہ خصوصی عدالت میں جانے سے پہلے ہائی کورٹ کیسے آسکتے ہیں۔ بعد ازاں عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے اعتراضات کے ساتھ ہی درخواست پر سماعت کی استدعا کردی۔