عمران خان کو اہلیہ بشریٰ بی بی سے فون پربات کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: نیب کی حراست میں موجود تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو اہلیہ بشریٰ بی بی سے فون پر بات کرنے کی اجازت مل گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے القادر ٹرسٹ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ فیصلے میں عمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل کو میڈیکل ٹیم کا حصہ بنانے کا حکم دیا گیا۔پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو اہلیہ بشریٰ بی بی سے فون پر بات کرنے اور ان کے وکیل کو دوران حراست ملاقات کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔

القادر ٹرسٹ کیس میں گزشتہ روز احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر درخواست پر عمران خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ عدالت نے چئیرمین پی ٹی آئی کو 17 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

سابق وزیراعظم کو القادر یونیورسٹی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جہاں نیب نے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔