قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس شروع، سیاسی و عسکری قیادت شریک

اسلام آباد: پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اِن کیمرا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت جاری ہے جس میں سیاسی، عسکری اور پارلیمانی قیادت موجود ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی سلامتی کا چھٹا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جاری ہے۔ اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت موجود ہے۔ شرکا میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی اویس نورانی سمیت، وزرا، ارکان اسمبلی اور دیگر شامل ہیں۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی قومی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امور زیر غور آئیں گے۔

سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کیلئے انتظامات مکمل ہیں، اجلاس میں غیرمتعلقہ افراد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس ہونے کے باعث میڈیا کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کالعدم ٹی ٹی پی سے معاہدے سے متعلق ارکان کو بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے۔