کراچی میں ماسیوں نے مالکان کو بے ہوش کرکے زیورات لوٹ لیے

کراچی: گلشن اقبال میں گھروں میں کام کرنے والے ماسیاں بنگلے میں موجود معمر افراد کو نشہ آور مشروب پلا کر لاکھوں روپے کے طلائی زیورات، نقدی قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق بنگلے میں چوری کی واردات ہفتے کےروزہوئی، واردات میں ماں بیٹی ملوث ہیں،بنگلے کے مالک نے پانچ ماہ قبل بنگلے میں کام کرنے کے لیے 2 ماسیاں رکھی تھی ،بنگلےمالک نے نہ توان کی رجسٹریشن کرائی نہ ہی اس سے شناختی کارڈ لیا پولیس نے چوری کی واردات کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن اقبال تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں واقع بنگلہ نمبر اے 72 میں کام کرنے والی ماسیاں معمر مالکان کو نشہ آور مشروب پلا کر الماری میں رکھے طلائی زیورات، 8 سونے کے سیٹ، 10 تولے کی 12 سونے کی چوڑیاں، انگھوٹیاں، بالیاں، دو قیمتی گھڑیاں، 30 ہزار روپے نقدی اور دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئیں۔ واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔

بنگلے کے مالک سجاد حیدرعلی نے بتایا کہ 5 ماہ قبل انھوں نے بنگلے میں کام کرنے کے لیے دو ماسیاں شمیم زوجہ رفیق اور اس کی بیٹی حمیرا دختر رفیق کو رکھا تھا، دونوں ماسیاں صبح 9 بجے آتیں تھیں اور شام 4 بجے اپنا کام مکمل کرکے چلی جاتی تھیں 19 فروری کو دونوں ماسیاں معمول کے مطابق 9 بجے آئیں اور ان کے غیرموجودگی میں گھر کے گراؤنڈ فلور پران کے بوڑھے والدین کونشہ آور مشروب پلا کر تمام زیورات، نقدی اور دیگر سامان چوری کر فرارہو گئیں۔

ایس ایچ او گلشن اقبال اعجاز احمد پٹھان نے ایکسپریس کو بتایا کہ بنگلے میں چوری کی واردات 19 فروری کو ہوئی، بنگلہ مالک نے نہ تو ماسیوں کی رجسٹریشن کرائی اور نہ پولیس کو اطلاع دی اور نہ ہی اس سے شناختی کارڈ لیا ۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے چوری کی واردات کا مقدمہ 2022/101 بجرم دفعہ34/381 کے تحت بنگلے کے مالک کی مدعیت میں ماں بیٹی ماسیوں کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، پولیس نے عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں واقع ماسیوں کے گھر بھی چھاپہ مارا لیکن کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے ماسیوں کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے جس کی مدد سے ان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے اورامید ہے پولیس جلد انہیں گرفتار کر لے گی۔