شرح سود 19 اعشاریہ 50 برقرار رہے گی یا کچھ تبدیلی ہو گی؟ فیصلے کے لیے اجلاس آج ہو گا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مانیٹری پالیسی کا اجلاس آج ہو گا، جس میں شرح سود کے حوالے سے فیصلہ مزید پڑھیں
بھارتی میزائل چلنے کا واقعہ؛ امریکا اور چین کی پاکستان کے مؤقف کی حمایت
واشنگٹن / بیجنگ: امریکا اور چین نے میزائل واقعے پر بھارت اور پاکستان کو ایک دوسرے سے براہ راست مذاکرات کرنے کی تجویز دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے پاکستانی حدود میں میزائل گرنے کو غلطی تسلیم کرتے ہوئے وضاحت دی ہے کہ معمول کے مرمتی کام کے دوران میزائل غلطی سے چل گیا تھا۔
پاکستان نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے میزائل کے غلطی سے چلنے کی تحقیقات دونوں ممالک کے حکام پر مشتمل کمیٹی سے کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستان کے مطالبے کے بعد چین اور امریکا کی جانب سے بھی اس معاملے پر دونوں ممالک کو براہ راست مذاکرات کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میزائل گرنے کے واقعے سے پیدا ہونے والے تناؤ کے خاتمے کے لیے پر ہم دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی حمایت کریں گے۔
امریکی ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت اور پاکستان اپنے دیگر اہم ایشوز کو بھی مذاکرات کے ذریعے حل کرے جس سے خطے میں کشیدگی میں کمی واقع ہوگی۔
گزشتہ روز چین نے بھی واضح انداز میں میزائل گرنے کے واقعے کی مشترکہ تحقیقات کے پاکستانی کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ دونوں ممالک نہ صرف براہ راست مذاکرات کریں بلکہ میزائلوں اور ہتھیاروں کی مینٹیننس کے شیڈول سے ایک دوسرے کو پیشگی آگاہ بھی کریں۔
واضح رہے کہ 9 مارچ کو بھارتی میزائل پاکستانی حدود میں آکر گرا تھا جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا البتہ بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ میزائل مینٹیننس کے دوران غلطی سے چل گیا تھا۔