بھارتی سیاسی رہنماکا مذاق میں دیا گیا بیان وائرل ہو گیا

بھارتی سیاسی رہنما، وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری کا مذاق میں دیا گیا بیان خوب وائرل ہو گیا۔

سوشل میڈیا سمیت سوشل سائٹس پر اس وقت نتن گڈکری کے بیان کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے۔

نتن گڈکری نے گزشتہ روز ایک غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا تھا کہ جن لوگوں نے اچھا کام کیا اِنہیں وہ پہچان نہیں ملی جس کے وہ حقدار تھے جبکہ جنہوں نے برا کام کیا وہ اکثر اوقات ہی سزا سے بچ جاتے ہیں، چاہے کوئی بھی سیاسی پارٹی اقتدار میں ہو۔

بھارتی مرکزی وزیر نتن گڈکری کا مزید کہنا تھا کہ کچھ دیر کے لیے اس بات کو بھول جائیں کہ کونسی جماعت اقتدار میں ہے، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شاذ و نادر ہی وہ پہچان ملتی ہے جس کے وہ حقدار ہوتے ہیں، برے کام کرنے والے شہرت اور نام کمانے میں بازی لے جاتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی یہ بات مذاق میں کہتا ہوں کہ یہ بات یقینی ہے کہ اچھا کام کر کے عزت نہیں ملتی۔

گڈکری نے بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی اور اس سے جڑے سیاستدانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے تشویش ہے کہ جو اس وقت کی حکمران جماعت سے وابستہ رہنے کے خواہشمند ہیں وہ جماعت کے نظریے کو جانتے ہی نہیں ہیں اور نظریاتی سیاستدانوں کی تعداد بتدریج کم ہو رہی ہے۔