لاہور کے متعدد سکولوں میں نصابی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت

(جیندریاض)لاہور کے 5 سرکاری سکولوں کی عمارتوں کو خطرناک قرار دیدیا گیا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے خطرناک عمارتوں میں نصابی سرگرمیاں فوری روکنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق سکولوں کی خطرناک عمارتوں کا انکشاف سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اپنی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ یہ عمارتیں اتنا بڑا خطرہ بن گئی ہیں کہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1700 سکولوں کی عمارتوں کی مکمل تعمیرو مرمت کرانے کی اشدضرورت ہے، تاہم فنڈز کی کمی کی وجہ سے تعمیرو مرمت کا منصوبہ التواء کا شکار ہے.

لاہور میں سی ڈی جی ایل سکول شاہدرہ، گورنمنٹ ہائی سکول سینٹ فرانسسز، گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نمبر2 ریٹی گن روڈ، گورنمنٹ سکول شاہ عالم مارکیٹ کی عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں۔ جبکہ لاہورسمیت پنجاب کے 550 سکولوں کی عمارتوں کوخطرناک قرار دیا گیا ہے۔