انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 10 روپے سے زائد کی کمی

انٹر بینک مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ ڈالر 10.38 روپے کمی سے 228 روپے کا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے، ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قدر میں 10.38 روپے کی کمی ہوگئی۔

گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 238.38 روپے کی سطح پر بند ہوئے تھے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈیمانڈ نہ ہونے کی وجہ سے ڈالر کی قدر 1.50 روپے کی کمی سے 240.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ضروری اور اشیائے تعیش کے لیٹر آف کریڈٹس نہ کھولنے اور جون و جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مجموعی طور پر 35 فیصد کی کمی سے نہ صرف کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے امکانات ہیں بلکہ زرمبادلہ پر دباؤ بھی گھٹ رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مالیاتی بحران آئندہ تین ہفتے تک محدود رہے گا جس کے بعد آئی ایم ایف سے قسط کے اجرا سے مالیاتی بحران ٹلنے کے امکانات ہیں۔