جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کی آرٹس کونسل کے سامنے شدید نعرے بازی

جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی ہے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی سے صورتِ حال کشیدہ ہو گئی۔

اس موقع پر وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا۔

واضح رہے کہ آج آرٹس کونسل کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے انتخاب ہو رہا ہے۔

میئر کراچی کے لیے جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب ہیں۔

کراچی کے ڈپٹی میئر کے لیے سید سیف الدین جماعتِ اسلامی کے جبکہ سلمان مراد پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔