جماعت اسلامی کی پی ٹی آئی کیسز فوجی عدالتوں میں بھجوانے کی مخالفت

قومی اسمبلی کے اجلاس میں جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کے کیسز فوجی عدالتوں میں بھجوانے کی مخالفت کردی۔

قومی اسمبلی نے 9 مئی کے شرپسندوں کے خلاف کیسز ملٹری ایکٹ کے تحت چلانے کی قرار داد منظور کرلی۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے 9 مئی کے واقعات کے خلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی۔

جماعت اسلامی نے کیسز فوجی عدالتوں میں بھجوانے کی مخالفت کردی۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالاکبر چترالی نے قرارداد کی مخالفت کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ایک جماعت اور اس کے قائد نے 9 مئی کو تمام حدود پار کردیں، آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے فوجی تنصیبات پر حملے کیے، ان کے حملوں سے ریاستی اداروں اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، آئین اور قانون کے تحت ان کے خلاف کارروائی مکمل کی جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جو قانون کتابوں میں موجود ہے اسی کے تحت ملٹری کورٹس میں ٹرائل ہوں گے، فوجی تنصیبات پر حملے عبدالاکبر چترالی برداشت کر سکتے ہیں، پاکستانی نہیں کر سکتے۔