جسٹس (ر) گلزار احمد کو فول پروف سیکیورٹی دینے کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے چیف جسٹس (ر) گلزار احمد کو فول پروف سیکورٹی دینے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کو فول پروف سیکورٹی دینے کی منظوری دے دی ہے، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد جسٹس (ر) گلزار احمد کو رینجرز اور پولیس کی ٹیم پر مشتمل سیکورٹی اسکواڈ دیا جائے گا۔

سابق چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل 27 جنوری کو وزارت داخلہ کو ایک مراسلہ لکھا تھا جس میں انہوں نے اپنی اور اپنے اہلخانہ کی مکمل سیکیورٹی کا تقاضا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا تھا کہ انہوں نے دہشت گردی، ماورائے عدالت قتل سمیت کئی ہائی پروفائل مقدمات کے علاوہ اقلیتوں کے حقوق، تجاوزات سمیت کئی حساس مقدمات کے فیصلے کیے ہیں، اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی گھر اور سفر کے دوران رینجرز کی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔