کنگنا رناوت نےمتنازع فلم’ کشمیرفائلز‘ کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

ممبئی: اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی کنگان رناوت نے مقبوضہ کشمیرپربنی پروپیگنڈا فلم’ کشمیرفائلز‘ کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔

بالی وڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت ایک بار پھرہندوانتہاپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرسے متعلق متنازع فلم’ کشمیرفائلز‘ کی حمایت میں سامنے آگئیں۔

کنگنا رناوت نے بیان میں ’ کشمیرفائلز‘ کوبھارت کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم قراردیتے ہوئے کہا کہ اس فلم نے کمائی کے حوالے سے ساری بالی وڈ فلموں کوپیچھے چھوڑ دیا۔آج ہرکوئی کشمیرفائلز کی بات کررہا ہے۔

انہوں نے بالی وڈ پرطنز کرتے ہوئے کہا کہ اتنی حقیقی فلم کی بڑی کامیابی پربالی وڈ کوسانپ سونگھ گیا ہے اوروہاں سے کوئی ردعمل نہیں آرہا۔

حکمران ہندوانتہاپسند جماعت بی جے پی کی حمایت اورتعاون سے بننے والی متنازع پروپیگنڈا فلم ’ کشمیرفائلز‘ میں کشمیری مسلمانوں کودہشتگرد اورقاتل کے طورپردکھایا گیا ہے جبکہ کشمیری ہندوپنڈتوں کومظلوم دکھایا گیا۔

بھارت کے مختلف علاقوں میں فلم کیخلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔