کراچی طوفان کی زد میں براہ راست نہیں آیا ہے:شیری رحمان

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ کراچی طوفان کی زد میں براہ راست نہیں آیا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ کوشش ہے کہ طوفان سے متعلق مصدقہ معلومات دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی طوفان کی زد میں براہ راست نہیں آیا ہے جب کہ جو علاقے طوفان کے زیر اثر ہیں وہاں سے متاثرین کی منتقلی کا عمل چار راتیں اور چار دن جاری رہا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ابھی کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹس روکنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں۔

شیری رحمان نے عوام سے فی الحال سمندر پر نہ جانے کی اپیل کی۔

گزشتہ روز شیری رحمان نے بتایا تھا کہ جمعرات دن 11 بجے سمندری طوفان کیٹی بندر سے ٹکرائے گا لہٰذا لوگوں سے اپیل ہے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

خیال رہے کہ بحیرہ عرب سے اٹھنے والے سمندری طوفان کا رخ تبدیل ہوگیا ہے اور طوفان کراچی کے ساحلوں سے نہیں ٹکرائے گا۔