لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

کراچی: پاکستان سپرلیگ سیزن 7 کے نویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

پاکستان سپرلیگ کا نواں میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا، جس میں زلمی کی قیادت وہاب ریاض جبکہ قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز اننگز

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 94 رنز کی شراکت داری قائم کی، اسی دوران عبد اللہ شفیق 41 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو 114 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، انہوں نے 38 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔

بعد ازاں کامران غلام اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 159 تک پہنچایا تو کامران غلام 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے پھر ڈیوڈ ویزے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

اس دوران محمد حفیظ اور راشد خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 199 تک پہنچایا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، فخر زمان 66 اور عبداللہ شفیق 41 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پشاور زلمی کے نوجوان بولر محمد ارشاد نے دو جبکہ عثمان قادر اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی اننگز

لاہور قلندرز کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ ہوسکا کیونکہ حضرت اللہ زازئی پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔

بعد ازاں حسین طلعت 62 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے اور اگلی ہی گیند پر کامران اکمل بھی 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ یوں زلمی کے 62 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ پھر شعیب ملک آئے تو وہ بھی ناکام رہے اور 7 کے انفرادی جبکہ 89 کے مجموعی اسکور پر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی پانچویں وکٹ 125 رنز پر گری جب شرفین ردر فورڈ 21 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین کٹنگ تھے جو 10 رنز بنا کر 158 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو 49 رنز پر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ آخری اوور میں زلمی کو جیت کے لیے 38 رنز درکار تھے۔ زلمی کے کپتان وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوئے، اگلی ہی گیند پر ڈیوڈ ویزے نے عارش علی خان کو بھی آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے حیدر علی 49 اور کامران اکمل 41 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ لاہور قلندرز کے زمان خان نے تین، شاہین آفریدی نے اور ڈیوڈ ویزے 2،2 جبکہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی نے آج اسکواڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے دو نئے کھلاڑیوں عارش علی اور سلمان ارشاد کو ڈیبیو کا موقع دیا ہے۔

اسکواڈ پشاور زلمی

کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، حیدرعلی، حسین طلعت، شعیب ملک، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، وہاب ریاض (کپتان)، عارش علی خان، عثمان قادر اور سلمان ارشاد

اسکواڈ لاہور قلندرز

فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیط، ذیشان اشرف، بین فاکس کرافٹ، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور زمان خان

پوائنٹس ٹیبل

اگر پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو دونوں ٹیموں نے اب تک دو ، دومیچز کھیلے جن میں سے انہیں ایک ایک میں فتح اور ایک میں شکست کا سامنا رہا ہے۔