پاکستان کے معروف اداکار تنویر جمال اور گلوکارہ روبینہ قریشی انتقال کر گئیں

جاپان: پاکستان کے مشہور اداکار و ہدایتکار تنویر جمال کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔

اداکار گزشتہ کئی دنوں سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور جاپان میں علاج کیلئے منتقل ہوگئے تھے۔

تنویر جمال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کینسر کے باعث اداکار کے پھیپڑے ختم ہو گئے تھے اور ان کا مزید علاج ممکن نہیں تھا جس کے بعد آج وہ جاپان کے مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار تنویر جمال کے لواحقین میں ان کی جاپانی اہلیہ اور تین بچے شامل ہیں، اداکار کی آخری رسومات کے حوالے سے اب تک کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی فلموں کے مایہ ناز اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ معروف، سینئر گلوکارہ روبینہ قریشی بھی کینسر کے باعث کراچی میں انتقال کر گئیں ہیں ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین عصر کی نماز کے بعد عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار پر ہوگی۔