کراچی میں طویل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری

کراچی کے مختلف علاقوں میں طویل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

شدید گرم موسم اور حبس کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔

مستثنیٰ علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لیاری، اولڈ سٹی ایریا، کیماڑی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

کورنگی، اورنگی، لانڈھی، سہراب گوٹھ، سرجانی، نیو کراچی، نارتھ کراچی، گارڈن، لیاقت آباد، قائدآباد، ایف بی ایریا، محمود آباد اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے باعث علاقہ مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

لوڈشیڈنگ کے باعث مختلف علاقوں میں لوگوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔