دوحہ کے مسافر کے قبضے سے ڈیڑھ کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن برآمد

ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دوحہ کے مسافر کے قبضے سے ڈیڑھ کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

اے ایس ایف حکام کے مطابق مسافر عابد خان دوحہ جانے کےلیے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا تھا، اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی چیکنگ کے دوران بیگ کو مشکوک قرار دیا۔

حکام نے بتایا کہ ماہر عملے کی مزید چیکنگ کے دوران بیگ میں منشیات کی نشاندہی ہوئی۔

اے ایس ایف حکام کے مطابق مسافر نے آئس ہیروئن اپنے بیگ کے نچلے حصوں میں خفیہ طریقے سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے 1.59 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنادی۔

ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔