محمد حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور: پاکستانی کرکٹرمحمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اورٹی 20 کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اورٹی 20 سے بھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔محمد حفیظ نے 2018 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

18 سال کے کرکٹ کیرئیر میں محمد حفیظ نے55 ٹیسٹ ،218ون ڈے اور119ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ محمد حفیظ نے32مرتبہ مین آف دا میچ اور9 بارمین آف دا سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔محمد حفیظ نے 32 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی قیادت کی6 ون ڈے اورٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
محمد حفیظ فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ محمد حفیظ پی ایس ایل میں لاہورقلندرز کی ٹیم میں شامل ہیں۔

لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ فخرکے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ 18 سال پاکستان کے سبز رنگ کی کٹ زیب تن کرنے پر خوش قسمت اور فخر محسوس کرتے ہیں۔ محمد حفیظ نے اپنے اہلخانہ، ساتھی کرکٹرز،سپورٹ اسٹاف اورپاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

چئیرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے محمد حفیظ کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ محمدحفیظ نے بھرپورانداز سے کرکٹ کھیلی اورانٹرنیشنل کرکٹ میں طویل کیرئیربنانے کے لئے انتھک محنت کی۔ پاکستان کرکٹ میں محمد حفیظ شاندارشراکت پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔