ممتاز زہرا بلوچ کا انتخابات پر اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کے بیان پر ردعمل

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے انتخابات پر اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں کسی بھی شکایت کی صورت میں داخلی قانونی حل موجود ہیں، پاکستان کے انتخابی قوانین کے مطابق 8 فروری کو انتخابات کے لیے سیکیورٹی پلانز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جامع جمہوری عمل کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے اور ان کی ضمانت ملک کے قوانین اور آئین میں دی گئی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارا عدالتی نظام مقدمات کی منصفانہ سماعت اور مناسب عمل فراہم کرتا ہے۔

Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates