نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔

اس مرتبہ کئی نئے چہرے بھی سندھ اسمبلی کا حصہ بنے ہیں جبکہ کئی تجربہ کار شخصیات بھی پھر سے صوبائی اسمبلی کا حصہ بن گئی ہیں۔

حلف لینے کے بعد61 ارکان پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی کے ایوان کا حصہ بنے ہیں جبکہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ 9 آزاد ارکان بھی پہلی مرتبہ اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔

ایم کیو ایم کے 24 ارکان پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن بنے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے تین ارکان کو ایوان کے سب سے سینئر رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، نثار کھوڑو اور نادر مگسی آٹھویں مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں جبکہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج ساتویں مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ہی ڈاکٹر سہراب سرکی چھٹی مرتبہ رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے 10 ارکان ایسے ہیں جو پانچویں مرتبہ جبکہ 13 ارکان چوتھی مرتبہ ایوان میں پہنچ رہے ہیں۔

خاتون رکن سندھ اسمبلی ہیر اسماعیل سوہو پانچویں دفعہ ایم پی اے بنی ہیں۔

علاوہ ازیں 21 ارکان تیسری مرتبہ اور 52 ارکان کو دوسری مرتبہ سندھ اسمبلی کا رکن بننے کا اعزاز مل رہا ہے۔

اقلیتی نشست پر کھٹومل جیون تیسری اور رانا ہمیر سنگھ پانچویں مرتبہ اسمبلی کے رکن بنے ہیں۔