مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف نے کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا قافلہ اپنی منزل کی طرف دوبارہ روانہ ہو گیا ہے۔ ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ مزید مزید پڑھیں
سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کو رہائی کے بعد پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس پہنچادیا گیا
سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کو رہائی کے بعد پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس پہنچادیا گیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنےکا حکم دے دیا۔
عدالت عظمیٰ نے عمران خان کو پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کل اسلام آباد ہائی کورٹ سےدوبارہ رجوع کرنےکا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت سپریم کورٹ کی تحویل میں ہیں، عمران خان پولیس لائنزگیسٹ ہاؤس میں رہیں گے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا، عمران خان کو 15 گاڑیوں پر مشتمل سکیورٹی قافلے میں سپریم کورٹ لایا گیا، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پہنچانےکے بعدکمرہ عدالت کو بند کردیا گیا۔
عمران خان سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر خود چلتے ہوئے کمرہ عدالت تک پہنچے۔
سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے اور پولیس کی جانب سے عدالت کے باہر سے غیر متعلقہ گاڑیوں کو بھی ہٹادیا گیا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جب ایک شخص کورٹ آف لاء میں آتا ہے تو مطلب کورٹ کے سامنےسرنڈر کرتا ہے، ہم سمجھتے ہیں عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کل کیس کی سماعت کرے، ہائی کورٹ جو فیصلہ کرے وہ آپ کو ماننا ہوگا۔
سماعت کا احوال
سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کو گزشتہ روز چیلنج کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ہائیکورٹ کا عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش کرنےکا حکم دیا جائے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ سماعت کررہا ہے۔
سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے، وہ بائیو میٹرک کرارہے تھے جب رینجرز کمرے کا دروزاہ توڑ کر داخل ہوئی تو انہوں نے عمران خان کے ساتھ بدسلوکی کی اور ان کو گرفتار کر لیا۔
احاطہ عدالت سے گرفتاری سے عدالت کا تقدس کہاں گیا: چیف جسٹس
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہائیکورٹ کے تقدس کا معاملہ بھی سپریم کورٹ دیکھے گی، انصاف تک رسائی کے حق کو ہم نے دیکھنا ہے، ہر شہری کو انصاف تک رسائی کا حق حاصل ہے، ہم یہاں صرف اصول و قواعد اور انصاف تک رسائی کا معاملہ دیکھ رہے ہیں، سیاسی حالات کی وجہ سے ملک میں جو کچھ ہورہا ہے بہت افسوسناک ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ احاطہ عدالت سے گرفتاری سے عدالت کا تقدس کہاں گیا، ریکارڈ کے مطابق جو مقدمہ مقرر تھا وہ شاید کوئی اور تھا، 90 افراد عدالت کے احاطے میں داخل ہوئے تو عدالت کی کیا توقیر رہی؟ نیب نے عدالت کی توہین کی ہے، کوئی بھی شخص خود کو آئندہ عدالت میں محفوظ تصور نہیں کرے گا، کسی کو ہائیکورٹ، سپریم کورٹ یا احتساب عدالت سے گرفتار نہیں کیا جا سکتا، عمران خان کی گرفتاری سے عدالتی وقار مجروح کیا گیا۔
جب ایک شخص نے عدالت میں سرنڈر کردیا تھا تو اسے گرفتار نہیں کیا جا سکتا:
جسٹس اطہر من اللہ
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نیب کئی سال سے مختلف افراد کے ساتھ یہی حرکتیں کر رہا ہے، اگر ایسے گرفتاریاں ہونے لگیں تو مستقبل میں کوئی عدالتوں پر اعتبار نہیں کرے گا، جب ایک شخص نے عدالت میں سرنڈر کر دیا تھا تو اسے گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ نیب وارنٹ کی قانونی حثیت نہیں اس کی تعمیل کا جائزہ لیں گے، عمران خان کی گرفتاری کے بعد جو ہوا وہ رکنا چاہیے تھا۔
جسٹس اطہر نے عمران خان کے وکلا سے سوال کیا کہ سپریم کورٹ سے کیا چاہتے ہیں؟ اس پر حامد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ عمران خان کی رہائی کا حکم دے۔
حامد خان کے مؤقف پر چیف جسٹس نے کہا کہ غیر قانونی کام سے نظر نہیں چرائی جاسکتی، آپ جو فیصلہ چاہتے ہیں اس کا اطلاق ہر شہری پر ہوگا، انصاف تک رسائی ہر شہری کا حق ہے۔
عدالت نے سوال کیا کہ عمران خان نیب میں شامل تفتیش کیوں نہیں ہوئے؟ کیا نیب نوٹس میں عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا؟ نیب دوسروں سے قانون پر عمل کرانا چاہتا ہے خود نہیں کرتا۔
نیب نے رجسٹرار ہائیکورٹ سے گرفتاری سے قبل اجازت لی تھی؟ عدالت کا سوال
عدالت نے کہاکہ واضح ہے کہ عمران خان نے بھی نیب نوٹس پر عمل نہیں کیا تھا، نیب نوٹس کا مطلب ہوتا ہے کہ متعلقہ شخص ملزم تصور ہوگا۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کئی لوگ نیب نوٹس پر ہی ضمانت کرالیتے ہیں، رکیارڈ کے مطابق عمران خان نے مارچ میں موصول نیب نوٹس کا جواب مئی میں دیا۔
عدالت نے سوال کیا کہ کیا نیب نے رجسٹرار ہائیکورٹ سے گرفتاری سے قبل اجازت لی تھی؟ اس پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہاکہ نیب نے وارنٹ کی تعمیل وزارت داخلہ سے کرائی، اس پر عدالت نے پوچھا کہ کیا عدالتی احاطے میں وارنٹ پر عملدرآمد وزارت داخلہ نے کیا؟ اس پر پراسیکیوٹر جنرل نیب اصغر حیدر نے کہا کہ عدلیہ کا بہت احترام کرتے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نیب نے کئی سالوں سے سبق نہیں سیکھا، نیب پر سیاسی انجینئرنگ سمیت کئی الزامات ہیں، نیب نے ملک کو بہت تباہ کیا ہے۔
نیب کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ عمران خان کا کنڈکٹ بھی دیکھیں ماضی میں مزاحمت کرتے رہے، نیب کو جانوں کے ضیاع کا خطرہ تھا۔
کیا نیب عمران خان کو عدالت سے ہی گرفتار کرنا چاہتا تھا؟ چیف جسٹس
چیف جسٹس نے کہا کہ یکم کو وارنٹ جاری ہوئے 9 کو گرفتاری ہوئی، 8 دن نیب نے خود گرفتاری کی کوشش کیوں نہیں کی؟ کیا نیب عمران خان کو عدالت سے ہی گرفتار کرنا چاہتا تھا؟ وزارت داخلہ کو 8 مئی کو خط کیوں لکھا گیا؟
جسٹس اظہر نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے عمران خان کو عدالت کے اندر سے گرفتاری کا کہا تھا عمران خان کو کتنے نوٹسز موصول ہوئے، نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عمران خان کو صرف ایک نوٹس دیا گیا تھا، اس پر جسٹس اطہر نے کہا کہ بظاہر نیب وارنٹس قانون کے مطابق نہیں تھے، جسٹس کیا وارنٹس جاری ہونے کے بعد گرفتاری کی کوشش کی گئی؟عمران خان لاہور میں تھے، نیب نے پنجاب حکومت کو وارنٹ تعمیل کا کیوں نہیں کہا؟
چیف جسٹس نے پوچھا کہ عمران خان کو گرفتار کس نے کیا تھا؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کے مطابق انہوں نے وارنٹ کی تعمیل کرائی اور عدالتی حکم کے مطابق پولیس نے وارنٹ کی تعمیل کرائی تھی۔
جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ یہ تو واضح ہوگیا کہ کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی، ملزم عدالت میں سرنڈر کر دے اور وہاں سے گرفتاری ہو تو احاطہ عدالت گرفتاریوں کے لیے آسان مقام بن جائے گا، ایسے تو ملزمان کے ذہن میں عدالتیں گرفتاریوں کی سہولت کار بن جائیں گی۔
بعدا زاں عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا کہ عمران خان کو ساڑھے چار بجے تک عدالت میں پیش کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ یہاں سپریم کورٹ میں کوئی فالوور موجود نہیں ہوگا، یقینی بنائیں، وہی وکلا اور صحافی موجود ہوں جو اس وقت یہاں موجود ہیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عمران خان کو جہاں سے گرفتار کیا وہیں سے ساری کارروائی دوبارہ شروع کی جائے، آج ہی حکم جاری کریں گے، جو تورپھوڑ، سرکاری املاک کا نقصان ہوا اس پر عدالت بہت سنجیدہ ہے۔
عدالت نے کہا کہ عمران خان کو جس طریقے سےگرفتار کیا گیا اس کا دفاع ممکن نہیں۔
پولیس نے تقریباً پونے 6 بجے عمران خان کو عدالت میں پیش کیا، عمران خان کے کمرہ عدالت میں داخلے کے بعد کمرہ عدالت کے دروازے بندکردیےگئے۔
عمران خان کو سخت سکیورٹی میں ججز گیٹ سے سپریم کورٹ لایاگیا، عمران خان پیدل چلتے ہوئے طویل راہداری سے کمرہ عدالت پہنچے۔
چیف جسٹس نے عمران خان کو روسٹرم پر بلالیا اور کہا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، ہم آپ کوسنناچاہتے ہیں، یہ بات کی جا رہی ہے کہ آپ کے کارکنان غصے میں باہر نکلے۔
سپریم کورٹ کا عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے دوبارہ رجوع کرنےکا حکم
سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا اور عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے دوبارہ رجوع کرنےکا حکم بھی دیا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جب ایک شخص کورٹ آف لاء میں آتاہے تو مطلب کورٹ کے سامنے سرنڈر کرتا ہے، ہم سمجھتے ہیں عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، آپ 8 مئی کو کورٹ میں بائیو میٹرک روم میں موجود تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ کل کیس کی سماعت کرے، عمران خان کل ہائی کورٹ میں پیش ہوں، ہائی کورٹ جو فیصلہ کرے وہ آپ کو ماننا ہوگا، عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی تھی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملک میں آپ کی گرفتاری کے بعد تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں، ہم ملک میں امن چاہتے ہیں، عدالت چاہتی ہے آپ خود ملک میں فسادات کی مذمت کریں، سپریم کورٹ ہر شہری کو قانونی حق دے گی، آپ سابق وزیر اعظم اور سینئر لیڈر ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ جیسے لیڈر دوبارہ نہیں آئیں گے، اتنے بڑے لیڈرز کو مارنے کے بعد بھی حالات کنٹرول میں رہے، سپریم کورٹ کی وجہ سے آپ آج یہاں کھڑے ہیں، عمران خان پورےملک میں عوام کو اپنے ورکرز کو امن وامان کا پیغام دیں، سیاسی ماحول سیاسی رہنماؤں کی وجہ سے خراب ہے۔
جو میرے ساتھ ہوا اس کا ری ایکشن تو آئے گا: عمران خان
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو کچھ انتشار ہوا میری گرفتاری کے بعد ہوا، مجھے کمانڈو ایکشن کر کے سر پر ڈنڈے مارےگئے، دہشت گردکی طرح مجھے پکڑ کر لےگئے، مجھے خبروں کا بھی نہیں بتایا گیا، میرا موبائل لے لیا گیا، مجھے پتا ہی نہیں ملک میں کیا ہوا ہے، میں نے پوچھا پھر بھی کچھ نہیں بتایا گیا، میں حیران تھا، صدمہ ہوا جیسے اچانک پکڑا، نیب نے گرفتاری کے بعد مجھے نوٹس دکھایا،مجھےکرمنل کی طرح پکڑا گیا، جو میرے ساتھ ہوا اس کا ری ایکشن تو آئے گا، جو عدالت کہے گی کروں گا، ہر کیس میں پیش ہوں گا، میں معذرت چاہتا ہوں جو کچھ ملک میں ہوا،لیکن مجھے نہیں معلوم کہ باہر کیا ہوا۔
جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ آپ ایسا نہ کہیں،میڈیا موجود ہے احتیاط سے بات کریں، خان صاحب جو آپ بولیں گے ہر لفظ اہم ہوگا۔
میں تو گرفتار تھا، پرتشدد مظاہروں کا ذمہ دارکیسے ہوگیا؟ عمران خان
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں میڈیا موجود ہے، پیغام دینا چاہتاہوں، میں تو گرفتار تھا، پرتشدد مظاہروں کا ذمہ دارکیسے ہوگیا؟ میرا موبائل فون لے لیا گیا، مجھے پتہ ہی نہیں ملک میں کیا ہوا،میں نےکبھی انتشارکی بات نہیں کی، ہم ملک میں صرف الیکشن چاہتے ہیں، سب کو کہتا ہوں سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھےکبھی پولیس لائن اورکبھی کہیں لےکر پھرتے رہے، مجھے سمجھ نہیں آیا ہوا کیا ہے، میں نے نیب نوٹس کا جواب دیا تھا، ملک میں آزادانہ الیکشن چاہتا ہوں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ مذاکرات کا آغاز کریں اس سے معاشرے میں امن آئےگا، یہ اچھی بات ہے آپ عوام کے حقوق کے امین ہیں، دونوں طرف سے بیانیہ شدید ہو چکا ہے۔
سپریم کورٹ کا عمران خان کو کل صبح ہائیکورٹ سے رجوع کرنےکا حکم
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت سپریم کورٹ کی تحویل میں ہیں، عمران خان پولیس لائنزگیسٹ ہاؤس میں رہیں گے، ممکن ہو تو اسلام آباد ہائی کورٹ میں 11 بجےسماعت مقرر کی جائے، قلم اور اللہ کی طاقت کے علاوہ ہمارے پاس کچھ نہیں، ہمیں آپ کی سکیورٹی عزیز ہے، عمران خان سے دس افراد کو ملنے کی اجازت ہوگی، عمران خان سے ملنے والوں میں ان کے اہل خانہ ، وکلاء اور دوست شامل ہوں گے۔
عدالت نے عمران خان کو اپنےقریبی افرادکی لسٹ فراہم کرنےکی ہدایت بھی کی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے دو اصول طے کیے ہیں، اصول یہ ہےکہ عدالت کے احاطے سےکسی شہری کو آئندہ گرفتار نہیں کیا جائےگا، احاطہ عدالت سے گرفتاری کے لیے پولیس کے سوا کوئی نفری بغیر اجازت نہیں آئےگی۔
اس موقع پر عمران خان نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے بنی گالا جانے دیں ۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سکیورٹی یقینی بنانا آئی جی اور اٹارنی جنرل کی ذمہ داری ہے، عمران خان کل تک سپریم کورٹ کی تحویل میں ہیں، ڈر یہ ہے کہ ہماری کسٹڈی میں عمران خان کو کچھ نہ ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کی کسٹڈی کی وجہ سے برکت آگئی ہے۔
عمران خان نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جس گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا اس کے تین کمرے ہیں، وہاں گپ شپ لگائیےگا، سوجائیےگا اورکل ہائی کورٹ میں پیش ہوجائیں،گیسٹ ہاؤس میں بھی آپ آرام سے رہیں گے۔
جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ وقت پر پہنچنا ہے، تاخیر کی تو اس عدالت کے لیے مسئلہ ہوگا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ احاطہ عدالت کے اندر شہریوں کو آزادی ہونی چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ باہرکیا ہو رہا ہے، جو باہر ہو رہا ہے میں اس کا ذمہ دار نہیں ہوں۔
جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ لیڈر یہ نہیں کہہ سکتا کہ کارکنان جو کر رہے ہیں وہ ذمہ دار نہیں، جو کچھ ہو رہا ہے آپ اس کے ذمہ دار ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے صرف ضمانت کا معاملہ ہے، میرے ساتھی ججز جو کہہ رہے ہیں ہمارے سامنے وہ کیس نہیں، بے شک آپ کو مخالفین پسند نہیں لیکن ان کےساتھ بیٹھ کر سیاسی بات چیت کریں، آپ نے خود کہا کہ جلاؤ گھیراؤیا املاک کا نقصان نہیں چاہتے، جب آپ آئین کے تحت عوام کی نمائندگی کرتے ہیں تو آپ پر آئینی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں، 23 کروڑ عوام انتظارکر رہے ہیں ہمارے لیڈر اس رکی ہوئی کشتی کو آگے بڑھائیں۔
ایک دوست نے میسج بھیجا کہ اگلا نشانہ آپ کا گھرہوسکتا ہے:چیف جسٹس
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ناقابل یقین ہے کہ دونوں طرف سے بیانیہ جارحانہ ہوگیا ہے، یقین نہیں آتا کس کس طرح کی زبان استعمال کی جاتی ہے، مجھے ایک دوست نے میسج بھیجا کہ اگلا نشانہ آپ کا گھربھی ہوسکتا ہے، میسج میں کہا گیا ہےکہ آپ کےگھر کو بھی آگ لگائی جاسکتی ہے۔
چیف جسٹس نے عمران خان سےکہا کہ آپ کے خلاف متعدد کیس ہیں، اس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اتنے بھی کیس نہیں ہیں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سےآپ کے خلاف بہت سےکیس کیے گئے، آپ کو معلوم ہے میں کس کی بات کر رہا ہوں، انہوں نے بھی بہت قربانیاں دی ہیں، ہم غریب ملک ہیں، جو کچھ ہو رہا ہے اس سے بچیں، عمران خان آپ کو کیسز کا سامنا رہےگا، املاک کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، عمران خان آپ کو کل لوگوں کو عدالت آنے سے روکنا ہے، عمران خان بطور مہمان یہاں رہیں گے۔
جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ ہم وارنٹ کے قانونی یا غیر قانونی ہونےکی تفصیل میں نہیں جا رہے، تحریک انصاف کے خلاف 25 مئی کی توہین عدالت بھی زیر التوا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 مئی سمیت جب بھی انتشارکا خدشہ ہوا میں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ اپنا تعاون اورکردار ادا کریں گے، دوسرے فریق سے بھی یہی امید ہے، عمران خان اپنی فیملی کے 6 ممبرز کو ساتھ رکھ سکتے ہیں، گیسٹ ہاؤس میں کمرے زیادہ ہیں ،فیملی ساتھ رہ سکتی ہے۔
عمران خان سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد عدالت سے روانہ ہوگئے، عمران خان کو ڈی آئی جی سیکورٹی کی گاڑی میں بٹھایا گیا، عمران خان کو پولیس اور رینجرز کے حصار میں پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس پہنچایا گیا۔
واضح رہےکہ 9 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں اگلے روز پولیس لائنز میں لگنے والی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کا 8 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔