بینک کی غلطی سے لوگوں کے بینک بیلنس میں راتوں رات اضافہ

لندن: برطانیہ میں بینک کی غلطی نے راتوں رات لوگوں کے بینک بیلنس میں اضافہ کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کرسمس کے موقع پر ہزاروں اکاؤنٹس میں موجود رقم میں اس وقت حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوگیا جب ایک بینک نے غلطی سے 75 ہزاراکاؤنٹس میں کل ایک کروڑ30 لاکھ پاؤنڈ جمع کرادیئے۔

خبروں کے مطابق، لوگوں سے پیسے واپس لینے کےلیے بینک کے عملے کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ زیادہ تر رقوم حریف بینک کے کھاتوں میں جمع کرائی گئی تھیں۔

ایک بیان میں بینک کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ہمارے کارپوریٹ کلائنٹس کی جانب سے کچھ ادائیگیاں وصول کنندگان کے اکاؤنٹس میں غلط طریقے سے دو مرتبہ کردی گئیں۔ بینک اپنی غلطی ٹھیک کرنے کےلیے دیگر بینکوں سے مل کر کام کر رہا ہے۔