پاکستانی اداکارہ نمرہ بُچہ نے یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں تین ایوارڈز جیت لیے

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ نمرہ بُچہ کو یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں تین ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے یہ خبر مداحوں سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کی گئی جس پر انہوں نے 3 ایوارڈز کے ہمراہ تصویر پوسٹ کی اور ساتھ کیپشن بھی لکھا۔

اپنی پوسٹ میں نمرہ بچہ نے یوکے ایشین فلم فیسٹیول کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ کی صلاحیتوں کو پہچانا اور انہیں ان اعزازات سے نوازا۔

انہوں نے لکھا کہ ‘یہ ایک غیر حقیقی کیفیت ہے جس پر میں شکرگزار ہوں’۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہیں فلم کملی پر ’فلم کیوریٹر چوائس ایوارڈ‘، پولائٹ سوسائٹی پر ’فلم والاز چوائس ایوارڈ‘ اور ’چیمپئننگ چینج‘ پر ایوارڈ ملا۔

نمرہ بُچہ کی اس پوسٹ پر مبارکباد کا تانتا بندھ گیا جب کہ معروف فنکاروں نے بھی نمرہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جن میں نادیہ افگن، یاسرہ رضوی، ثانیہ سعید اور شرمین عبید سمیت دیگر شامل ہیں۔