پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس جمعے کو طلب

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس جمعے کی شام طلب کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس جمعہ کی شام چھ بجے طلب کیا گیا، جس میں آئندہ کی حکمت عملی اور سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم زرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین اجلاس میں آن لائن شرکت کریں گے۔

اجلاس میں شہباز شریف اور مریم نواز آصف علی زرادری اوربلاول بھٹو زرداری سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے پی ڈی ایم کے قائدین کو آگاہ کریں گے جبکہ شہباز شریف اور مریم نواز شریف مولانا فضل الرحمان کو اس ملاقات کے حوالے سے بریفنگ بھی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کے احتجاج اور پی ڈی ایم کے 23 مارچ کے لانگ مارچ کو حتمی شکل دی جائے گی، پی ڈی ایم کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا جبکہ مولانا فضل الرحمان ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کریں گے۔