پی ڈی ایم اے بلوچستان کابائپر جوائے طوفان کے حوالے سے الرٹ جاری

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نےبائپر جوائے طوفان کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق بائپر جوائے شدت کے ساتھ بھارتی گجرات، احمد آباد کی طرف بڑھ رہا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعلامیہ کے مطابق سمندری طوفان ٹھٹھہ، بدین، کیٹی بندر اور کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندر کے اوپر درجہ حرارت 30 سے 32 سینٹی گریڈ ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق طوفان کے مرکز میں ہوا کی رفتار 180 سے 200 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جو کراچی سے 600 اور ٹھٹھہ سے 580 کلو میٹر دور ہے۔

اعلامیے کے مطابق بائپر جوائے طوفان اورماڑہ سے 710 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، اس لیے ماہی گیر 14 تا 17 جون تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق وفاقی، صوبائی حکومتیں اور دیگر ادارے تیار رہیں۔

دوسری طرف ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے تربت اور گوادر کا دورہ کیا اور کہا کہ ایمرجنسی کےلیے ضروری تمام چیزیں دستیاب ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر تمام ضروری اقدمات کیے جا رہے ہیں۔

جہانزیب خان نے اس موقع پر تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا۔