انسانی دل کا پہلا تفصیلی نقشہ تیار

ماہرینِ صحت نے انسانی دل کا پہلا تفصیلی نقشہ بنا لیا ہے، جس کے ذریعے امراضِ قلب کے علاج میں مدد مل سکے گی۔

سائنسی جریدے ’نیچر‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی)، ہارورڈ، بائر کمپنی اور دیگر اسپتالوں کے ماہرین نے ’انسانی دل‘ کا تفصیلی نقشہ تیار کر لیا ہے۔

انسانی دل کے اس تفصیلی نقشے کی مدد سے انسانی دل کا خلیاتی اور سالماتی (مالیکیولر) لحاظ سے تفصیلی جائزہ لیا جا سکے گا، یہاں تک کہ نقشے کی مدد سے دل میں موجود خلیات کو زوم کر کے بھی دیکھا جا سکے گا۔

اس نقشے سے ہارٹ فیل ہونے کے عمل کا مکمل تفصیل سے مطالعہ کیا جا سکتا ہے، یوں دل کی چھوٹی سے چھوٹی اہم خلیاتی تفصیلات کو جان کر دل کی بیماریوں کا علاج کرنے میں مدد مل سکے گی۔

اس حوالے سے محقق ناتھن ٹکر کا کہنا ہے کہ ’دل محض کوئی گوشت کا ٹکڑا نہیں بلکہ کئی اقسام کے خلیات کا ایک پیچیدہ مجموعہ ہے‘.

اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’انسانی دل میں موجود تمام خلیات ایک ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تب ہی دل بہترین انداز سے جسم میں خون کی روانی کو ممکن بنانے میں کامیاب ہوتا ہے‘۔