وزیراعظم نے پی ایم سی ارکان تبدیل کردیے، مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میڈیکل کمیشن کے ارکان کو تبدیل کر دیا جب کہ ٹیسٹنگ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ تحقیقاتی ایجنسی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آئین و قانون کے مطابق عمران خان کے پاکستانی نژاد امریکی کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی کے منتخب پاکستان میڈیکل کمیشن کے ارکان کو صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے تبدیل کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم سی میں میڈیکل امتحانات میں کرپشن کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ گزشتہ سالوں میں بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ میں بے ضابطگیاں اور مالی بدعنوانیاں رپورٹ ہوئیں، جس کا معاملہ نیب میں زیر التوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کمیشن کے نئے ارکان آئین و قانون کے مطابق میرٹ پر تعینات ہوں گے جب کہ ٹیسٹنگ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ تحقیقاتی ایجنسی کو دیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔