نجی سکولوں نے غیر قانونی طور پر فیسوں میں 30 سے 40 فیصد اضافہ کردیا

کراچی: نجی سکولوں نے غیر قانونی طور پر فیسوں میں 30 سے 40 فیصد اضافہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق نجی سکولوں نے ناصرف سکول کی فیس میں اضافہ کیا بلکہ نجی سکول پابندی کے باوجود طلبہ کوکتابیں اور کاپیاں فروخت کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نجی سکولوں کا دعویٰ ہےکہ فیسوں میں اضافے کی منظوری محکمہ تعلیم سے لی گئی ہے۔

دوسری جانب اضافی فیسوں کے معاملے پر محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہےکہ ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ اسکولز کے آفیسر نے فیسوں میں اضافے کی اجازت دی ہے تو اس کی انکوائری کریں گے، سکولوں کو فیس میں سالانہ صرف 10 فیصد اضافے کی اجازت ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق نجی سکولوں کی فیس میں غیر قانونی اضافے سے وزیر تعلیم کو لاعلم رکھا گیا ہے۔

ادھر والدین نجی سکولوں کی اضافی فیس، کتابیں اور یونیفارم لینے پر پریشان ہیں.

واضح رہےکہ اس سے قبل بھی سکولوں کی جانب سے فیسوں میں من مانا اضافہ کیا گیا تھا جس پر والدین کی جانب سے متعدد بار احتجاج بھی ریکارڈ کروایا جاچکا ہے جب کہ والدین فیسوں کا معاملہ لے کر عدالت بھی جاچکے ہیں۔