پی ٹی آئی نے میئر کراچی کا انتخاب مسترد کر دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیپلز پارٹی پر الیکشن چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے میئر کراچی کا انتخاب مسترد کر دیا۔

ایک بیان میں پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے گرفتاریاں کر کے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکا، گم شدہ افراد پیپلز پارٹی کے سیف ہاؤس میں موجود تھے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، مرتضیٰ وہاب کا حال بھی حمزہ شہباز کی وزارتِ اعلیٰ جیسا ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک میں شامل 30 ارکان ووٹ ڈالنے نہیں آئے تھے، منحرف اراکین نے اسد امان کو اپنا پارلیمانی لیڈر منتخب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے ہیں۔

کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے آرٹس کونسل کراچی میں پولنگ کا عمل ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کے لیے ووٹنگ کی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کو 160 ووٹ ملے۔