پی ٹی آئی کی سینیئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد گرفتار

لاہور: تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو پولیس نے لاہور سے گرفتار کر لیا۔

رہنما پی ٹی آئی عندلیب عباس نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد ڈیفنس یا کیولری گراونڈ میں روپوش تھیں اور انہیں صبح ساڑھے چھ بجے اغوا کیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد پولیس چھاپوں کی وجہ سے کافی روز سے گھر میں موجود نہیں تھیں۔

عندلیب عباس نے کہا کہ دو روز پہلے ڈاکٹر یاسمین راشد کے 80 سالہ شوہر اور 76 سالہ دیور کو بھی گھر سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم شوہر کی طبعیت خراب ہونے پر چھوڑ دیا گیا تاہم معمر دیور اب بھی زیر حراست ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ 4 سے 5 گاڑیاں اور 40 سے 50 لوگ آئے تھے جو ڈاکٹر یاسمین راشد کو گرفتار کرکے لے گئے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور سے کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد پہنچنا تھا۔