ہنگو ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کی قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے میدان مار لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے تمام 210 پولنگ اسٹیشنز کے حتمی اور سرکاری نتائج میں پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر ندیم خیال 20 ہزار 772 ووٹ کے ساتھ فاتح رہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق جے یو آئی کے امیدوار مفتی عبید اللہ 18244 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار سعید عمر 3314 ووٹوں کیساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ این اے 33 ہنگو میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ بھی پیش نہیں آیا۔

انتخاب کی مانیٹرنگ کے لیے الیکشن کمیشن میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا، جس کی اسلام آباد سےچیف الیکشن کمشنر اور سیکریٹری الیکشن کمیشن نے نگرانی کی جبکہ اسپیشل سیکریٹری پشاور کنٹرول روم سے نگرانی پر مامور رہے۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 18 ہزار سے 900 سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، ضمنی انتخاب کے لیے 210 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ جن میں سے مردوں کے لیے 64، خواتین کے لیے 55 اور 91 پولنگ اسٹیشن مشترکہ طور پر بنائے گئے۔ علاوہ ازیں 110 پولنگ اسٹیشن کو حساس اور 77 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی امیدوار کے والد خیال زمان کے انتقال کے باعث این اے 33 کی نشست خالی ہوئی تھی۔