راحت فتح علی خان کو امریکا کا ویزا مل گیا

آکسفورڈ یونیورسٹی سے موسیقی میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے والے گائیک استاد راحت فتح علی خان کو امریکا کا ویزا مل گیا، وہ گزشتہ شب امریکا کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔

استاد راحت فتح علی خان 18 نومبر 2023ء کو ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکا کے زیرِ اہتمام میوزیکل شو میں آواز کا جادو جگائیں گے۔

امریکا روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے استاد راحت فتح علی خان نے بتایا کہ تمام افواہیں دم توڑ گئیں، میرا رب جب تک مجھ پر مہربان ہے، کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا بھر میں پاکستان اور اپنے خاندان کا نام روشن کیا ہے، صوفیانہ کلام کے ذریعے امن کا پیغام پھیلایا۔

راحت فتح علی خان نے یہ بھی کہا ہے کہ میں امریکا کی ایمبیسی کا بھی شکریہ ادا کروں گا، امریکی ایمبیسی نے میرے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

یاد رہے کہ 4 نومبر کو امریکی ایمبیسی نے معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کی ویزے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔