کم عمر شائق کی درخواست پر رمیز راجہ کا متعلقہ حکام سے رابطہ

کراچی: پی سی بی کے چیئرمین رمیزراجہ نے معصوم بچے کی جذباتی درخواست پر 12 برس سے کم بچوں کو پی ایس ایل کے مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرلیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے 11 سالہ حمزہ فراز نے اپنے ویڈیو پیغام میں استدعا کی تھی کہ کم از کم ویک اینڈ پر 12 برس سے کم عمر بچوں کو لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔

رمیز راجہ نے اپنے جوابی ویڈیو پیغام میں کہا کہ حمزہ میں آپ کے جذبات کو سراہتا ہوں، ویڈیو میں لیگ کے لیے آپ کا پیار نظر آیا، بدقسمتی سے کورونا کی وجہ سے 12 برس سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں، سچی بات تو یہ ہے کہ بچوں ہی کی وجہ سے لیگ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا مقصد بھی آئندہ نسل میں کرکٹ کے شوق کو ابھارنا ہے تاکہ وہ میدانوں میں آئیں اور اپنے قومی ہیروز کو کھیلتا دیکھیں، میں آپ کی مجبوری کو سمجھتا ہوں اور میں بھی اتنا ہی جذباتی ہوں۔

رمیز راجہ نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے متعلقہ اداروں سے بات کی ہے کہ کسی نہ کسی طرح گنجائش نکال کر 12 برس سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں آکر میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے،لیکن قوائد تو قوائد ہی ہوتے ہیں، مجبوری ہے۔