ثانیہ کامران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) ثانیہ کامران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

لاہور میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثانیہ کامران کا کہنا تھا کہ سیاست چھوڑنےکا اعلان کرنے والوں کو چاہیےکہ قوم اور فوج سے معافی مانگیں، 9 مئی کے واقعے میں ملوث ہرکردار کو کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

ثانیہ کامران کا کہنا تھا کہ آج آصف زرداری ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھا سکتے ہیں، میں پیپلزپارٹی کے ووٹرز اور سپورٹرز سے گزارش کرتی ہوں کہ مجھے قبول کریں۔

سابق پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد جو واقعات پیش آئے وہ انتہائی افسوس ناک ہیں، عمران خان کے اردگرد لوگ پرتشدد سیاست کرنا چاہتے تھے، میں پچھلے 15 سال سے پنجاب میں سیاسی جدوجہد کر رہی ہوں، شخصیات ریڈلائن نہیں ہوتیں پاکستان ریڈلائن ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی ایک بار پھر مقبولیت کا سلسلہ جاری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ گراس روٹ لیول سے اوپر آنے والے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

میری اپیل ہے کہ آلہ کار بننے والوں کی معافی قبول کرنی چاہیے، ان لوگوں نے سال ڈیڑھ سال میں نوجوانوں کو منظم طریقے سے لڑوایا، یہ لوگ نوجوانوں کا اداروں پر چڑھائی کرنے کی کال دیتے رہے، ایک ایک پریس کانفرنس کرکے دودھ کے دھلے بننے والے اصل ملزم ہیں۔