اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں سیمینار، فلسطینی سفارتکار کی شرکت

فلسطین کی صورت حال پر اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں فلسطینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نادرالترک نے شرکت کی۔

صدر آئی پی آر آئی و سابق سفیر رضا محمد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے، فلسطین کی موجودہ صورتِ حال پر انتہائی افسوس ہے، غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

فلسطینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نادرالترک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی فلسطین پر ظلم و بربریت کی مثال کہیں نہیں ملتی، انسانیت میں فلسطینی، امریکی و دیگر ممالک کے شہری سب برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سر زمین، خواتین اور بچوں کا دفاع کرنا فلسطینیوں کا حق ہے، اسرائیل نے فلسطین کی 88 فیصد زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، عالمی برادری اسرائیلی ظلم و بربریت پر اپنا کردار ادا کرے، اسرائیل کے غزہ میں ظالمانہ اقدام پر عالمی برادری فلسطینیوں کا ساتھ دے۔

فلسطینی سفارتکار نے سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی آرمی سے سوال ہے کہ رواں ماہ کتنے اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے؟

نادرالترک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپتال پر حملے سے 500 سے زائد نہتے شہری شہید ہوئے، اسرائیلی فوج نے ہزاروں نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے، اسرائیل نے میزائلوں سے غزہ کے اسپتال سمیت آبادیوں کو نشانہ بنایا لیکن انسانی حقوق کے علم بردار اس اسرائیلی جارحیت پر خاموش ہیں۔