شیخ رشید آج رات عمران خان کیساتھ اظہار یکجہتی کریں گے

راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے آج رات سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر شیخ رشید نے لکھا کہ آج رات 9 بجے میں لال حویلی کی بالکونی سے اپنے حلقے کےعوام کا شکریہ ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کروں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئی جس کے بعد عمران خان وزیراعظم پاکستان نہیں رہے۔

اسپیکر اسد قیصر کے مستعفی ہونے کے بعد قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی کارروائی مکمل کی۔