اسٹریٹ کرائم کی روک تھام؛ کمانڈوز کو موٹر سائیکل اسکواڈ ساتھ تعینات کرنے کا فیصلہ

کراچی: ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے شہر کے مختلف کرائم ہاٹ سپاٹ پر تعینات ایس ایس یو کمانڈوز کی ہیڈ کوارٹر سے روانگی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، شہریوں کو پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس یو کمانڈوز کو اس بات پر فخر محسوس کرنا چاہیے کہ سینئر افسران اور حکومت نے ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ڈی آئی جی سیکیورٹی نے کمانڈوز کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے جبکہ ڈیوٹی کے دوران شہریوں کے ساتھ شائستگی اور نرمی سے پیش آئیں۔

اس سے عوام میں پولیس کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر شہر کے مختلف کرائم ہاٹ سپاٹ پراور حساس مقامات پر ایس ایس یو کمانڈوز کو موٹر سائیکل اسکواڈ کے ہمراہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ فیصلہ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، کمانڈوز مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائمز کے خلاف بروقت کارروائی کرنے میں مقامی پولیس کی مدد کررہے ہیں۔