ووٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ: پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت بن گیا

پاکستان رجسٹرد ووٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہونے پر بھارت، انڈونیشیا، امریکا اور برازیل کے بعد دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت بن گیا ہے۔

اس بات کا انکشاف فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں ہوا ہے۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کےلیے ملک میں ریکارڈ 12 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن بڑھنے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، 2018 میں ووٹرز کا صنفی فرق 11.8 فیصد تھا جو اب 7.7 فیصد ہوگیا ہے۔

2018ء کے بعد خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مردوں سے بڑھ گئی ہے۔ نئے رجسٹرڈ 2 کروڑ 25 لاکھ ووٹرز میں 1 کروڑ 25 لاکھ خواتین اور ایک کروڑ مرد ہیں۔

2018ء میں 85 اضلاع میں صنفی فرق 10 فیصد سے زیادہ تھا، اب ان اضلاع کی تعداد 85 سے کم ہو کر 24 رہ گئی ہے۔

جن قومی اسمبلی کے حلقوں میں صنفی فرق 10 فیصد سے زیادہ تھا ان کی تعداد 173 سے کم ہو کر اب 38 رہ گئی ہے جن میں خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کے 12حلقے، بلوچستان سے11 حلقے، سندھ سے 10 حلقے اور پنجاب سے 5 حلقے شامل ہیں۔

جن صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں صنفی فرق 10 فیصد سے زائد تھا ان کی تعداد اب 398 سے کم ہو کر 102 ہو گئی ہے ان میں سندھ کے 31، بلوچستان کے 30، خیبر پختونخوا کے 24 اور پنجاب کے 17 حلقے شامل ہیں۔