صومالیہ میں سرکاری تقریب کے دوران ریسٹورینٹ پر خودکش حملہ، 13 افراد ہلاک

موغادیشو: صومالیہ میں ایک ریسٹورینٹ پر ہونے والے خود کش حملے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے ایک ریسٹورینٹ میں سیاست دانوں اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد ایک تقریب میں موجود تھی۔ تقریب کے دوران ریسٹورینٹ کے دروازے پر ایک بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خود کش حملے میں 13 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ درجن سے زائد افراد شدید زخمی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

داعش کی ایک شاخ ہونے کا دعویٰ کرنے والی شدت پسند تنظیم الشباب نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ الشباب نے ملک کے کئی نواحی علاقوں میں قبضہ کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ صومالیہ میں رواں ماہ ہی الیکشن ہونے والے ہیں تاہم اس سے قبل ہی ملک میں امن و امان کی حالت مزید مخدوش ہوگئی ہے اور خودکش حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔