دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک میں شامل سورہ رحمان کی دبئی میں نمائش ہوگی

دبئی: دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کے نسخے میں شامل سورہ رحمان کی دبئی ایکسپو2020 میں پاکستانی پویلین میں نمائش کی جائے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق پاکستانی پویلین میں پیش کی جانے والی سورہ رحمان دنیا میں سب سے بڑے قرآن پاک کے نسخے کا حصہ ہے۔ چودہ سوسال سے زائد کی اسلامی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب سورہ رحمان کے الفاظ ایلمونیم اورسونے سے تحریر کئے گئے ہیں ۔

یہ اپنی نوعیت کا واحد پروجیکٹ ہے جس میں حروف تحریر کرنے کے لئے انک یا کلر کے بجائے گولڈ اورایلمونیم کا استعمال کیا گیا ہے۔

6 صفحات پرمشتمل سورہ رحمان کے پہلے 2 صفحات پر 5 لائنیں جبکہ دیگر ہر صفحے پر 10 لائنیں ہوں گی۔ سورہ رحمان پاکستانی آرٹسٹ شاہد رسام نے تحریر کی ہے۔

سورہ رحمان 24 جنوری کو پاکستانی پویلین میں پیش کی جائے گی جس کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر، سفارت کار اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔