دوستوں کی ہوائی فائرنگ نے دلہا کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا

سرگودھا: پنجاب کے ضلع سرگودھا میں دوستوں کی ہوائی فائرنگ نے دلہا کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سرگودھا کے تھانہ بھلوال سٹی کی حدود میں واقع ڈیرہ کامرہ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے دلہا سمیت دو افراد کو گرفتار کیا۔

اہل خانہ کے مطابق دلہا غلام مصطفیٰ کے دوستوں نے شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی۔

پولیس پارٹی نے بارات میں فائرنگ کرنے والے شخص جاوید کو اسلحے سمیت گرفتار کیا تو دلہا غلام مصطفیٰ اُسے بچانے کے لیے آگے بڑھا، جس پر پولیس نے اُسے بھی موبائل میں بیٹھا کر تھانے منتقل کردیا اور مقدمے میں نامزد کردیا۔

بھلوال پولیس کے مطابق دلہا کے قبضے سے 12 بور جبکہ جاوید اقبال کے پاس سے 30 بور کا پستول برآمد ہوا ہے، جس کا مقدمہ درج کر کے دونوں کو حوالات میں بند کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔