ملک مفلوج ہوگیا ہے، الیکشن مسائل کا حل نہیں دے گا:شاہد خاقان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ملک مفلوج ہوگیا ہے، الیکشن مسائل کا حل نہیں دے گا۔

حیدرآباد میں سیمینار سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو وفاق سے حق مانگتے ہیں، وفاق تو خود لاچار اور کنگال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس نظام کا حصہ رہے ہیں، اس کی ناکامی کو جانتے ہیں، جس ملک کے اخراجات کا 55 فیصد حصہ سود میں چلا جائے، پیچھے کیا بچا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق کے پاس پیسا نہیں ہے، مرکزی حکومت کے پاس خود کچھ نہیں، وہ تو سود ادا نہیں کرسکتی، دفاع کا بجٹ بھی اضافی قرضے سے دیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آپ کا ایم این اے 6 لگژری گاڑیوں میں آتا ہے، کبھی پوچھا تیل کہاں سے آتا ہے؟ نظام نہیں بدلا تو ملک کے حالات درست نہیں ہوں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹیرین واحد طبقہ ہے، جس کا ٹیکس ریکارڈ عوام دیکھ سکتی ہے، 25 سال سے سیاستدان نیب کے قانون کو دل سے لگاکر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے نیب سے پوچھا کس کا احتساب کیا؟ ہر سیاسی جماعت اقتدار میں رہی، کیا مسائل حل کیے، ہمیں اس نظام کو یکسر تبدیل کرنا ہوگا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں پولیس کا افسر وفاق کا ہوتا ہے، انگریزوں کےنظام کو گلے لگایا ہوا ہے، نظام کی خرابی اس نہج پر پہنچ گئی کہ ملک خطرے میں ہے۔