پولیس مقابلے میں ہلاک ملزمان کا کرمنل ریکارڈ مل گیا

کراچی: پولیس نے سرجانی ٹائون میں مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے دوملزمان کا سابقہ کرائم ریکارڈ بھی حاصل کرلیا۔

ملزمان نے چند روز قبل ڈکیتی کے دوران لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ،دونوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جبکہ ملزمان جیل بھی جاچکے ہیں، ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کے مطابق سرجانی ٹائون میں بدھ کو پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوگئے تھے۔

دونوں کی شناخت پیر بخش اور جاوید کے نام سے کی گئی ہے ، ملزمان نے 13 فروری کو ڈکیتی کے دوران ایک گھر کے اندر17 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ، واردات کا مقدمہ الزام نمبر 323/22 درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیاگیا تھا۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسی روز بلال کالونی کے علاقے سے فیصل نامی شہری سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل بھی چھینی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کرلی ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان کا اس سے قبل تمام کرائم ریکارڈ پولیس نے حاصل کرلیا ہے ، ملزمان کے خلاف تیموریہ ، سمن آباد ، نارتھ ناظم آباد ، سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا ، مبینہ ٹائون ، گلستان جوہر اور دیگر تھانوں میں ڈکیتی ، اسٹریٹ کرائم ، پولیس مقابلوں اور دیگر جرائم کے تحت مقدمات درج ہیں۔