انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی: عالمی مالیاتی ادارے کےساتھ پاکستان کے قرض پروگرام کی بحالی کے معاہدے کےاعلان کے باوجود روپے کی قدر میں بہتری نہ آسکی۔ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر نے ایک بار پھر بلند چھلانگ لگا کر تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔

کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن انٹر بینک میں روپےکے مقابلے ڈالر کی قدر میں 3 روپے 55 پیسے کا اضافہ ہوگیا، جس سے ڈالر کی قدر بڑھ کر 214.50 روپے ہوگئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی 216 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جہاں انڈیکس 42 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح کھو گیا اور 100 انڈیکس 41300 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کے معاہدے کے اعلانات کا مارکیٹ پر ٹھوس اثر نہیں پڑا جب کہ فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بیرونی ادائیگیوں کے بعد ڈالر کی فروخت، زرمبادلہ کے کم ہوتے ذخائر، ترسیلات زر اور برآمدات کی مد میں خاطر خواہ رقم نہ آنے کے سبب ڈالر کی قدر میں اضافہ ہورہا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونے تک پاکستانی روپیہ دباؤ کا شکار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔