بھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے اثرات سامنے آنے لگے

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے اثرات سامنے آنے لگے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کپتان روہت شرما کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں آرام دیا جائے گا اور ان کی جگہ اجنکیا رہانے قائم مقام کپتان ہوں گے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی حالیہ فارم اچھی نہیں اور انہوں نے فائنل میں 13 اور 43 رنز بنائے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلیکٹرز روہت شرما سے ملاقات کر کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 12 جولائی سے ہوگا جس میں 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔

یہ 2 ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق کپتان ویرات کوہلی بھی دورے سے دستبردار ہو سکتے ہیں جبکہ چتیشور پجارا کی بھی ٹیم میں شرکت غیر یقینی ہے۔

واضح رہے کہ ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں بھارت کو 209 رنز سے شکست ہوئی تھی اور روہت شرما کو اس کے بعد کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

روہت شرما پر اسپنر روی چندرن ایشون کو نہ کھلانے اور ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہ کرنے کے فیصلے پر تنقید کی گئی تھی۔