حکومت کا نواز شریف کی واپسی کے ضامن شہباز شریف کیخلاف لاہور ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفافی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی شخصی ضمانت پر نواز شریف باہر گئے، نواز شریف کا باہر جانا مکمل فراڈ تھا، نواز شریف نے 17 ماہ سے علاج نہیں کرایا، وہ ملک سے فراڈ کے ذریعے نکلے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت کی رپورٹس مسترد کردیں، نواز شریف کے باہر بھیجنے کے فراڈ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں اور شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ طلبی پر درخواست دی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سانحہ مری میں تقریباً22افراد جان کی بازی ہار گئے، مری میں5گاڑیوں کے ساتھ واقعات پیش آئے، اموات کاربن مونو آکسائیڈ کی وجہ سے ہوئیں، وزیراعظم نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کیاہے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزارت داخلہ کے مطابق ایک لاکھ64ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، ہم نے 13نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے ہیں، ملک میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، کالام،ناران،سوات اور دیگرمقامات پر سیاحوں کا رش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی پانچویں لہر میں لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائے گا،صورتحال کو باریک بینی سے مانیٹرکررہےہیں،ملک میں تعلیمی ادارے بند نہیں کیے جائیں گے۔