حکومت نے کل منی بجٹ منظور کرانے کیلیے حکمت عملی تیار کرلی

اسلام آباد: حکومت نے منی بجٹ منظور کرانے کے لیے حکمتِ عملی تیار کرلی، اراکین کو دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے کل قومی اسمبلی سے فنانس سپلیمنٹری بل (منی بجٹ) کی منظوری کے لیے تمام اراکین اسمبلی کو اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے۔

پارٹی قیادت کی جانب سے تمام ارکان کو کل 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت گئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کل خود بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہوں گے۔

حکومتی جماعت نے اس حوالے سے حتمی لائحہ عمل بھی طے کرلیا، جس کے تحت اجلاس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں فنانس بل کی منظوری، اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج اور حکومتی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلیٰ (عثمان بزدار، محمود خان) بھی اس حوالے سے اسلام آباد پہنچ گئے، دونوں وزرائے اعلیٰ کی جانب سے ارکان کے اعزاز میں علیحدہ علیحدہ عیشائیوں کا اہتمام کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کےعشائیےمیں پنجاب سے تعلق رکھنےوالے جبکہ محمودخان کےعشائیے میں کے پی کے سے تعلق رکھنےوالےارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

دوسری جانب حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے منی بجٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہماری تجاویز پر غور نہ کیا گیا تو حمایت نہیں کریں گے۔